محرم میں حکومتی ایس او پیزپرمن و عن عملدرآمدکروایا جائے گا:سی سی پی او
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس محرم الحرام کے دوران قیام ِ امن کے لئے جامع سکیورٹی پلان پر عمل پیراہیعشرہ ِ محرم کے دوران 3868 سے زائد مجالس اور458 سے زائد عزاداری جلوسوں کو بھر پور سکیورٹی فراہم کی جائے گی یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں کیٹیگری اے کی 457،کیٹیگری بی کی2610اورکیٹیگری سی کی 801مجالس منعقد ہوں گی۔جبکہ کیٹیگری اے کے 17،کیٹیگری بی کے74اور کیٹیگری سی کے3 جلوس منعقدہوں گیسی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے متعلق حکومتی ایس او پیزپرمن و عن عملدرآمدکروایا جائے گا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ، مجالس و جلوسوں کے اوقات ِ کار اور روٹس کی پابندی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز سمیت دیگر جدید آلات و ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ڈولفن اسکواڈ، پیرو، اینٹی رائٹ فورس اور ٹریفک پولیس سمیت تمام فیلڈ فارمیشنز محرم ڈیوٹی پر مامور ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ خواتین عزاداروں کی سکیورٹی اور چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکارفرائض سر انجام دیں گی۔انہوں نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس کی سکیورٹی کیمروں سے 24 گھنٹے مسلسل نگرانی کی جائے گی۔سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو علما ء کرام اور منتظمین ِمجالس و جلوس سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے عشرہ محرم کے دوران بہترین پارکنگ انتظامات اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ہدایات دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال برقرار رکھنا لاہور پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔