انسداد منشیات کا عالمی دن: خیبرپختونخوا میں اے این ایف کی جانب سے بھرپور آگاہی مہم

انسداد منشیات کا عالمی دن: خیبرپختونخوا میں اے این ایف کی جانب سے بھرپور آگاہی مہم

ویب ڈیسک: انسداد منشیات کے عالمی دن کی مناسبت سے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) خیبرپختونخوا کی جانب سے صوبے بھر میں بھرپور آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق، اینٹی نارکوٹکس فورس نے 26 جون کو منائے جانے والے انسداد منشیات کے عالمی دن کی مناسبت سے پشاور، ہری پور، دیر اور دیگر اضلاع میں مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔

اس مہم کے تحت:

پشاور میں "دی حق آواز ریحیب سنٹر" میں خصوصی تقریب ہوئی۔
شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شرنگل، اپر دیر، اور دیگر جامعات میں آگاہی واکس اور ٹاکس کا انعقاد کیا گیا۔
طلبہ و طالبات، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء نے انسداد منشیات سے متعلق بینرز اٹھا رکھے تھے اور نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے آگاہی کو ناگزیر قرار دیا۔

تقریبات میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے افسران نے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں منشیات کے خاتمے کے لیے والدین، اساتذہ اور طلبہ کی مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی ہی منشیات کے خلاف جنگ کا پہلا اور مؤثر ہتھیار ہے۔

اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر مستقبل میں بھی آگاہی سیشنز اور ریہیب پروگرامز جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔