مون سون سیزن: محکمہ ہاؤسنگ کی شہریوں، خصوصاً بچوں کی حفاظت کے لیے آگاہی مہم شروع

مون سون سیزن: محکمہ ہاؤسنگ کی شہریوں، خصوصاً بچوں کی حفاظت کے لیے آگاہی مہم شروع

محکمہ ہاؤسنگ نے مون سون سیزن کے دوران شہریوں، خصوصاً بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت بارشوں کے دوران ممکنہ خطرات اور احتیاطی تدابیر سے متعلق عوام کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔

محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور سیکرٹری ہاؤسنگ کی ہدایات کے مطابق مون سون کے دوران شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے والدین اور سرپرستوں پر زور دیا کہ بارش کے دوران اور اس کے بعد بچوں کو ہر وقت کسی ذمہ دار فرد کی نگرانی میں رکھیں۔ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ بچوں کو کھلے مین ہولز، نالوں، نہروں اور پانی سے بھرے علاقوں کے قریب جانے سے روکیں، کیونکہ ان مقامات پر حادثات کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جمع شدہ پانی میں بجلی کا کرنٹ لگنے، ڈوبنے اور مختلف بیماریوں کے پھیلنے کے خدشات بھی موجود ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چند لمحوں کی غفلت کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور بچوں کی حفاظت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھیں۔محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے بچوں اور اہلِ خانہ کو محفوظ رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "احتیاط ہی مون سون کے دوران بہترین تحفظ ہے" اور ہر شہری کو محفوظ پنجاب کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔