ڈی جی اے این ایف، میجر جنرل عبدالمعید نے نسٹ یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انسداد منشیات سے متعلق آگاہی سیشن سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ منشیات نوجوانوں کی صحت اور مستقبل کے لیے شدید خطرہ ہیں، اور طلبہ کو تاکید کی کہ وہ منشیات سے وابستہ کسی بھی سرگرمی سے مکمل اجتناب کریں تاکہ اپنا مستقبل محفوظ بنا سکیں۔میجر جنرل عبدالمعید کا مزید کہنا تھا کہ اے این ایف ملک بھر میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف سرگرم عمل ہے، اور زمینی، فضائی اور بحری راستوں پر آپریشنز جاری ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ منشیات کے خلاف جنگ قومی ذمہ داری ہے اور اس میں ہر فرد کا کردار اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں، خاندانوں اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اس قومی مہم میں اے این ایف کا بھرپور ساتھ دیں۔ پرنسپل نسٹ انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ کانفلکٹ سٹڈیز، میجر جنرل (ر) زاہد محمود نے ڈی جی اے این ایف کا شکریہ ادا کیا اور نسٹ انتظامیہ نے منشیات کے خلاف جاری مہم میں اے این ایف کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔