لاہور: جماعت اسلامی کا مال روڈ چیئرنگ کراس پر 33 روز سے جاری دھرنا ختم ہوگیا۔
دھرنا ختم ہونے کے بعد احتجاجی کیمپ، کنٹینرز اور کرسیاں ہٹا دی گئیں جبکہ جماعت اسلامی کے کارکنان بھی گھروں کو روانہ ہوگئے۔جماعت اسلامی کی جانب سے دھرنے کے دوران پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور مہنگائی میں کمی سمیت مختلف مطالبات پیش کیے گئے تھے۔ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے گزشتہ روز دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔دھرنا ختم کرنے کے بعد جماعت اسلامی کی قیادت نے کارکنان کو اپنے اپنے یونین کونسلز میں جا کر عوامی رابطہ اور آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔ کارکنان کو ملک گیر ہڑتال کے حوالے سے بھی مقامی سطح پر ریلیاں نکالنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور میں 5 روز دھرنا نہ دینے کا فیصلہ
جماعت اسلامی نے آئندہ پانچ روز تک لاہور میں دھرنا نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران کارکنان اپنے علاقوں میں عوامی رابطہ مہم جاری رکھیں گے اور ہڑتال سے متعلق آگاہی فراہم کریں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق آج اور کل کارکنان اپنی اپنی یونین کونسلز میں ریلیاں نکالیں گے، جس کے ذریعے جماعت اسلامی کے مطالبات اور آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل سے شہریوں کو آگاہ کیا جائے گا۔
23 ستمبر کو کارکنان کی لاہور آمد متوقع
ذرائع کے مطابق 23 ستمبر کو سکھر اور ملتان سے جماعت اسلامی کے کارکنان ٹرین کے ذریعے لاہور پہنچیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں کارکنان کے جمع ہونے کے بعد انہیں جی ٹی روڈ کے راستے اسلام آباد روانہ کیا جائے گا، جہاں جماعت اسلامی کے آئندہ احتجاجی پروگرام کے تحت سرگرمیاں جاری رکھنے کا امکان ہے۔یوں 33 روز تک چیئرنگ کراس پر جاری دھرنا ختم ہونے کے بعد جماعت اسلامی نے احتجاج کا رخ مقامی سطح کی عوامی رابطہ مہم اور آئندہ کے مجوزہ پروگراموں کی جانب منتقل کردیا ہے۔