سانحہ سوات: جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی، لواحقین کیلئے 15 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان

سانحہ سوات: جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی، لواحقین کیلئے 15 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان

ویب ڈیسک: چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے سوات کا دورہ کرتے ہوئے مینگورہ بائی پاس کے قریب دریائے سوات میں پیش آنے والے ہولناک واقعے کے بعد جاری ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔

چیف سیکریٹری نے سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 15 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دریا میں پھنسے 85 افراد میں سے 58 کو زندہ بچا لیا گیا ہے، جب کہ 10 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ باقی افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔انہوں نے ریسکیو آپریشن میں غفلت برتنے پر ضلعی انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو کے ضلعی افسر کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ چیف سیکریٹری نے واضح کیا کہ انکوائری کمیٹی واقعے کی مکمل جانچ کرے گی اور غفلت کے مرتکب افسران کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ خراب موسم اور وقت کی کمی کے باعث متاثرہ مقام پر ہیلی کاپٹر بروقت نہیں پہنچ سکا، تاہم تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر متاثرین کی امداد یقینی بنائی گئی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نے دریائے سوات میں ہر قسم کی غیرقانونی کھدائی پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جب کہ دریا کے اطراف تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔چیف سیکریٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سیاحتی مقامات پر محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ایس او پیز جاری کر دیے ہیں، اور تمام سیاحوں سے ان پر سختی سے عمل درآمد کی اپیل کی ہے۔ آخر میں انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔