کراچی میں عمارت گرنے کا سانحہ، مزید 2 لاشیں برآمد، جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی

کراچی میں عمارت گرنے کا سانحہ، مزید 2 لاشیں برآمد، جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی

کراچی کے علاقے ایڈمن سوسائٹی میں چھ منزلہ عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے میں ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے سے مزید دو لاشیں برآمد ہونے کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی، جبکہ 13 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے برآمد ہونے والی ایک لاش کی شناخت عابد علی کے نام سے ہوئی، جسے ضروری قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے سے ایک اور لاش بھی نکالی گئی، جس کی ابتدائی طور پر شناخت نہیں ہوسکی تھی۔ بعد ازاں متوفی کی شناخت علی حسن کے نام سے ہوئی، جو ظفر گڑھ کا رہائشی تھا۔ لاش کو بھی جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔حکام کے مطابق عمارت گرنے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے، جبکہ 13 افراد تاحال لاپتہ ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری اور دیگر دستیاب وسائل کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔ امدادی اہلکار انتہائی احتیاط کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ملبے تلے دبے کسی بھی ممکنہ زندہ شخص کو بحفاظت نکالا جا سکے۔