کراچی: سندھ حکومت نے گل پلازا میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ امدادی رقم کی فراہمی کل سے شروع ہو جائے گی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گل پلازا میں آگ بہت بڑا واقعہ ہے، فائر فائٹر اور ریسکیو عملہ تین مختلف مقامات سے اندر داخل ہو کر ریسکیو کی کوششیں کر رہا ہے۔ جاں بحق افراد کی تعداد اب 15 ہو گئی ہے جبکہ 65 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ لاپتہ افراد کا جلد پتہ چل جائے۔انہوں نے بتایا کہ کمشنر کراچی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور لاہور کی فرانزک لیب سے مدد لی جائے گی تاکہ واقعے کی انکوائری مکمل کی جا سکے اور غلطیوں کے مرتکب افراد کو سزا دی جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے یاد دہانی کروائی کہ 2024 میں شہر کی 145 عمارتوں کا فائر آڈٹ بھی کیا گیا تھا۔
گل پلازا میں آگ 33 گھنٹے بعد مکمل طور پر بجھا دی گئی تھی۔ جلی ہوئی عمارت سے مزید 5 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی جبکہ 22 زخمی زیرِ علاج ہیں۔چیف فائر افسر کے مطابق پلازا میں کولنگ کا عمل جاری ہے، کھڑکیوں کو کٹر سے کاٹا جا رہا ہے اور ہتھوڑوں سے دیواریں گرائی جا رہی ہیں۔ تیسری منزل پر ممکنہ طور پر پھنسے افراد کے لیے ریسکیو آپریشن اتوار کی رات جاری رہا اور فائر فائٹرز عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔