پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے لیے مالی امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق بھارتی جارحیت کے دوران جام شہادت نوش کرنے والوں کے لواحقین کو پچاس لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے، جبکہ زخمی ہونے والے افراد کو دس لاکھ روپے فی کس کی امداد دی جائے گی۔ انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی "معرکۂ حق" کے دوران شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے جامع شہداء پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا۔
وزیراعظم کے اعلان کے مطابق:
عام شہریوں کے لیے:
شہداء کے لواحقین کو 1 کروڑ روپے
زخمی افراد کو 10 سے 20 لاکھ روپے
پاک افواج کے شہداء کے لیے:
رینک کے مطابق شہداء پیکیج: 1 کروڑ سے 1 کروڑ 80 لاکھ روپے
رہائشی سہولت کے لیے: 1 کروڑ 90 لاکھ سے 4 کروڑ 20 لاکھ روپے
تنخواہ بمعہ الاؤنسز ریٹائرمنٹ کی متوقع تاریخ تک جاری رہے گی
بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم
ایک بیٹی کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ
حکومتی اقدامات کا مقصد شہداء اور زخمیوں کے اہلِ خانہ کی کفالت کو یقینی بنانا ہے اور ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت ہر محاذ پر قوم کے ساتھ کھڑی ہے، اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔