کاہنہ: ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ، جاں بحق بچوں کے لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان

کاہنہ: ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ، جاں بحق بچوں کے لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان

لاہور: کاہنہ کے علاقے میں ایک ٹیوشن سنٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد پنجاب حکومت نے جاں بحق بچوں کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہر بچے کے لواحقین کو 20،20 لاکھ روپے دیے جائیں گے جبکہ زخمی افراد کو 5،5 لاکھ روپے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں۔حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کی ادائیگی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور یہ عمل جلد شروع کیا جائے گا تاکہ متاثرین کی فوری مدد ممکن ہو سکے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ چھت گرنے کا حادثہ کن حالات میں پیش آیا تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔پنجاب حکومت نے متاثرہ خاندانوں کو مکمل تعاون اور امداد کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔