عمران خان ابھی تک اس نظام کے خلاف لڑ رہا ہے، شوباز شریف تو اپنی مرضی سے پانی نہیں پی سکتا
خواجہ آصف کا باپ بھی ضیاء الحق کے قدموں میں بیٹھا کرتا تھا ،بیٹا وزیر اعظم بننے کا خواش مند ہے
لاہور (آئی این پی )سینئرسیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ نواز شریف نے جب بھی مزاحمت کی ڈیل کرنے کے لیے کی، عمران خان ابھی تک اس نظام کے خلاف لڑ رہا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا نواز شریف کے گھر میں کبھی کوئی کتاب نہیں دیکھی۔عمران خان کے ساتھ میں نے ڈسکشنز کی ہیں، وہ بہت زیادہ پڑھا ہوا ہے۔ 8فروری کو انتخابی نشان نہ ہونے ، پولنگ ایجنٹس تک نہ ہونے کے باوجود عوام نے عمران خان کو ووٹ دیا، اور وہ ابھی تک اس نظام کے خلاف لڑ رہا ہے۔ جاوید ہاشمی نے پی ٹی آئی اور اسٹیبلیشمنٹ کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ شوباز شریف تو اپنی مرضی سے پانی نہیں پی سکتا، اس سے مذاکرات کرنے کا کیا فائدہ؟ ۔خان ٹھیک ہی کہتا ہے کہ اسٹیبلیشمنٹ سے مذاکرات کیے جائیں، جو اس نظام پر قابض ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان کے موقف کو درست سمجھتا ہوں، ملک میں آئین کی بالادستی ہوگی تو ملک چلے گا، عمران خان رہائی نہیں مانگ رہا وہ رول آف لاء مانگ رہا ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ بانی تحریک انصاف کو اس وقت چھوڑا تھا جب وہ جرنیلوں کے قریب ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی سیاسی بندہ رہ ہی نہیں گیا، کون سی پارٹی ہے جس کو سیاسی پارٹی کہا جائے، جو آئین اور جمہوریت کی بات نہیں کرتا وہ سیاست نہیں کر رہا۔جاوید ہاشمی نے ہائبرڈ نظام حکومت کی تعریف کرنے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ،اور سنگین الزامات بھی عائد کیے ہیں۔ سینئر سیاستدان کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف کا باپ بھی ضیاء الحق کے قدموں میں بیٹھا کرتا تھا اور اس کی نوکری کرتا تھا۔ خواجہ آصف بھی اس لیے ہائبرڈ نظام کو اچھا کہہ رہا ہے کیوں کہ وہ وزیراعظم بننے کا خواہشمند ہے۔