عمران خان کو باہر کی مدد کی ضرورت نہیں وہ یہ جنگ جیت چکا :جاوید ہاشمی

جو جیل عمران خان نے کاٹی وہ عام آدمی تصور بھی نہیں کر سکتا، اسٹیبلشمنٹ کو گھٹنے ٹیکنے پڑیں گے، بیان
لاہور(آئی این پی )سینئرسیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو باہر کی مدد کی ضرورت نہیں وہ یہ جنگ جیت چکا ہے، جو جیل عمران خان نے کاٹی وہ عام آدمی تصور بھی نہیں کر سکتا۔ بانی پی ٹی آئی کی قید اور ڈیل کی قیاس آرائیوں سے متعلق اپنے بیان میں جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ میں نے 10سال جیل کاٹی ہے مگر جن مراحل سے عمران خان کو گزارا گیا ہے اگر ان مراحل سے مجھے گزارا جاتا تو میں بھی شاید ڈیل کر لیتا اتنا ظلم کیا جا رہا ہے۔ سینئر سیاستدان کا کہنا ہے کہ آج نہیں تو کل ہماری اسٹیبلشمنٹ کو عمران خان کے آگے گھٹنے ٹیکنے پڑیں گے،میں یہ بات جذبات میں نہیں کررہا جو جیل اس نے کاٹی وہ عام آدمی تصور بھی نہیں کر سکتا اب جب وہ یہ مشکل کام کرگیا ہے تو سرنڈر انہی کوکرنا پڑے گا۔