قصور میں مبینہ حملہ: خاتون پر گھر بلائے گئے شخص کو شدید زخمی کرنے کا الزام

قصور میں مبینہ حملہ: خاتون پر گھر بلائے گئے شخص کو شدید زخمی کرنے کا الزام

پنجاب کے ضلع قصور کی گلبرگ کالونی میں ایک شخص کے شدید زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک خاتون پر مبینہ طور پر تیز دھار آلے سے حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق چونگی امر سدھو لاہور کے رہائشی 36 سالہ شاہد کے آسیہ بی بی کے ساتھ گزشتہ ڈیڑھ سال سے مبینہ ناجائز تعلقات تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گزشتہ رات آسیہ بی بی نے شاہد کو اپنے گھر بلایا، جہاں دونوں کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران خاتون نے مبینہ طور پر بلیڈ سے شاہد پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق کچھ دیر بعد آسیہ بی بی کا شوہر اسلم بھی گھر پہنچ گیا، جس کے بعد مبینہ طور پر دونوں میاں بیوی نے شاہد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں پولیس کے حوالے کر دیا۔

زخمی شاہد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بلھے شاہ اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔صدر قصور پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد، طبی رپورٹ اور تمام متعلقہ افراد کے بیانات کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پولیس نے واضح کیا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی حقائق سامنے آنے کے بعد ہی ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔