راولپنڈی: گھر میں گھس کر خاتون سے مبینہ زیادتی، ویڈیو بنانے کا بھی الزام

راولپنڈی: گھر میں گھس کر خاتون سے مبینہ زیادتی، ویڈیو بنانے کا بھی الزام

راولپنڈی کے تھانہ گوجر خان کے علاقے قاضیاں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پولیس کے مطابق دو افراد نے مبینہ طور پر ایک گھر میں زبردستی داخل ہو کر شادی شدہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا، جبکہ ایک تیسرے شخص پر واقعے کی ویڈیو بنانے کا الزام ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ان کے شوہر ورکشاپ پر گئے ہوئے تھے اور بچے اسکول میں تھے۔ اس دوران دو ملزمان، جن کی شناخت قاضی مہتاب اور قاضی حماس کے نام سے بتائی جا رہی ہے، ایک نامعلوم شخص کے ہمراہ گھر میں داخل ہوئے۔درخواست کے مطابق ملزمان نے خاتون کو کمرے میں لے جا کر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ تیسرے شخص نے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ وہ تیسرے شخص کو دیکھ کر اس کی شناخت کر سکتی ہیں۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔دوسری جانب لاہور کے علاقے شاد باغ میں ایک الگ واقعے میں پولیس نے ایک اوباش ملزم کو گرفتار کیا ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے پانی پینے کے لیے آنے والی ایک خاتون کے ساتھ نازیبا حرکات کیں اور فرار ہو گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات جاری ہیں۔