بھارتی فلمی ستاروں ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن کی نیویارک میں ایک مداح کے ساتھ لی گئی سیلفی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس کے بعد دونوں کی ازدواجی زندگی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصویر میں ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے ایک مداح کے ساتھ مسکراتے ہوئے سیلفی کے لیے پوز دیتے نظر آ رہے ہیں۔ تصویر میں ابھیشیک نے سیاہ رنگ کی کیپ اور چشمہ پہن رکھا ہے، جبکہ ایشوریا رائے کھلے بالوں اور سرخ لپ اسٹک میں دکھائی دے رہی ہیں۔ابھیشیک اور ایشوریا گزشتہ کئی ماہ سے اپنی شادی میں مبینہ اختلافات سے متعلق خبروں کے باعث خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، تاہم دونوں نے ان افواہوں پر اب تک کوئی باضابطہ ردعمل یا تصدیق نہیں کی۔نیویارک سے سامنے آنے والی اس تازہ تصویر کو مداح مثبت انداز میں دیکھ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر صارفین تصویر کو بڑے پیمانے پر شیئر کر رہے ہیں، جبکہ کئی مداحوں کا کہنا ہے کہ دونوں کو ایک ساتھ دیکھ کر خوشی ہوئی اور وہ امید کرتے ہیں کہ ان کے درمیان سب کچھ خیریت سے ہے۔ تاہم یہ صرف سوشل میڈیا صارفین کے تاثرات ہیں اور تصویر سے ان افواہوں کی تصدیق یا تردید نہیں ہوتی۔
رپورٹس کے مطابق ابھیشیک بچن ان دنوں شاہ رخ خان کی آنے والی ایکشن فلم "کنگ" کی شوٹنگ کے سلسلے میں نیویارک میں موجود ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں، جبکہ ابھیشیک اس میں ایک اہم منفی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔بعض میڈیا رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایشوریا رائے شوٹنگ کے دوران ابھیشیک کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے نیویارک پہنچی ہیں، تاہم اس حوالے سے دونوں کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔واضح رہے کہ ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن کی شادی اپریل 2007 میں ہوئی تھی۔ دونوں عموماً اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھتے ہیں، تاہم حالیہ تصویر نے ایک بار پھر ان کے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔