ممبئی: بالی ووڈ کی معروف جوڑی ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن نے طویل عرصے بعد ایک ساتھ عوامی تقریب میں شرکت کرکے اپنے ازدواجی تعلقات میں کشیدگی سے متعلق افواہوں کو ایک بار پھر خبروں کا موضوع بنا دیا۔
دونوں اداکار ممبئی میں معروف فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا کی جانب سے منعقدہ دیوالی پارٹی میں شریک ہوئے، جہاں ان کے خوشگوار اور رومانوی انداز نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔تقریب سے سامنے آنے والی سوشل میڈیا ویڈیو میں ایشوریا رائے سرخ روایتی لباس جبکہ ابھیشیک بچن سیاہ کُرتے میں دکھائی دیے۔ فوٹوگرافرز کے سامنے تصاویر بنواتے ہوئے دونوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے رکھا، جبکہ ایشوریا رائے نے محبت بھرے انداز میں اپنا سر ابھیشیک بچن کے سینے پر رکھ دیا۔
اس موقع کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کرنے لگیں۔ مداحوں نے جوڑے کے اس انداز کو پسند کیا اور اسے ان کی علیحدگی سے متعلق قیاس آرائیوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ ماضی میں دونوں کی جانب سے مشترکہ عوامی تقریبات میں کم شرکت کے باعث ازدواجی تعلقات میں اختلافات اور علیحدگی کی افواہیں سامنے آتی رہی ہیں۔ تاہم ابھیشیک بچن ان قیاس آرائیوں کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔