پشاور: خیبر پختونخوا کی 9 رکنی کوہ پیما ٹیم نے ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں واقع 6,050 میٹر بلند تھلو زوم چوٹی کامیابی سے سر کر کے قومی پرچم لہرا دیا۔
خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے مطابق تھلو زوم ہندوکش کی مشکل ترین اور کم سر کی جانے والی چوٹیوں میں شمار ہوتی ہے، جسے سر کرنا کوہ پیماؤں کے لیے ایک بڑا اعزاز سمجھا جاتا ہے۔ٹورازم اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کوہ پیما ٹیم نے آٹھ روزہ دشوار گزار مہم کے بعد کامیابی کے ساتھ چوٹی سر کی۔ اس مہم کا آغاز 9 جولائی کو کیا گیا تھا، جبکہ ٹیم نے 17 جولائی کو تھلو زوم کی چوٹی تک رسائی حاصل کی۔مہم کے دوران کوہ پیماؤں نے کمراٹ اور چترال کے دشوار گزار راستوں، برفانی گلیشیئرز اور خطرناک برفانی دراڑوں کو عبور کرتے ہوئے غیر معمولی مہارت، حوصلے اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔
خیبر پختونخوا ٹورازم اتھارٹی کے مطابق تھلو زوم چوٹی پہلی مرتبہ 1971 میں آسٹریلیا کے کوہ پیماؤں نے سر کی تھی، جبکہ 2019 میں اطالوی کوہ پیما بھی اس چوٹی کو سر کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس کامیاب مہم سے نہ صرف پاکستان میں ایڈونچر ٹورازم کو فروغ ملے گا بلکہ خیبر پختونخوا کے بلند و بالا پہاڑی علاقوں کو عالمی سطح پر بھی مزید پذیرائی حاصل ہوگی۔