پاکستانی کوہ پیما شاہ دولت کا شاندار کارنامہ، بغیر آکسیجن 8080 میٹر بلند گیشربرم ون سر کر لی

پاکستانی کوہ پیما شاہ دولت کا شاندار کارنامہ، بغیر آکسیجن 8080 میٹر بلند گیشربرم ون سر کر لی

پاکستانی کوہ پیما شاہ دولت نے ایک اور عظیم کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے 8080 میٹر بلند گیشربرم ون کی چوٹی کامیابی سے سر کر لی ہے۔

 انہوں نے یہ کامیابی مصنوعی آکسیجن کے بغیر حاصل کی، جو انتہائی مشکل اور قابلِ فخر اقدام سمجھا جاتا ہے۔شاہ دولت کا تعلق گلگت سے ہے اور وہ اتوار کی صبح 11 بجے گیشربرم ون کی چوٹی پر پہنچے۔ انتہائی دشوار گزار راستوں اور سخت موسمی حالات کے باوجود انہوں نے غیر معمولی عزم، مہارت اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس اہم ہمالیائی چوٹی کو سر کیا۔اب شاہ دولت کی اگلی مہم براڈ پیک (Broad Peak) کی جانب ہے، جسے وہ آئندہ دنوں میں سر کرنے کی کوشش کریں گے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ شاہ دولت اس سے قبل بھی پاکستان کی تین بڑی بلند چوٹیوں:

کے ٹو (8611 میٹر)
نانگا پربت (8126 میٹر)
گیشربرم ٹو (8035 میٹر)
کو کامیابی سے سر کر چکے ہیں۔
شاہ دولت کی مسلسل کامیابیاں نہ صرف پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہیں بلکہ یہ نوجوان نسل کو کوہ پیمائی جیسے مشکل مگر باوقار میدان میں حوصلہ افزائی کا ذریعہ بھی فراہم کرتی ہیں۔