ویب ڈیسک: گلگت بلتستان کے ضلع شگر سے تعلق رکھنے والی باہمت نوجوان کوہ پیما آمنہ شگری نے اپنی جرات اور حوصلے سے نئی تاریخ رقم کر دی۔
انہوں نے اپنے ساتھی کوہ پیما محبوب علی کے ہمراہ 7027 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی کو کامیابی سے سر کر لیا۔چوٹی کی فتح کے بعد آمنہ شگری نے سبز ہلالی پرچم کو بلند کر کے ملک و قوم کا نام روشن کیا۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی وہ شگر کی پہلی خاتون کوہ پیما بن گئیں جنہوں نے سات ہزار میٹر سے زائد بلند چوٹی کو سر کیا ہے۔اس سے قبل آمنہ شگری نے 6000 میٹر بلند خسر گنگ چوٹی بھی سر کی تھی اور وہ ٹو ایکسپڈیشن ٹیم کا بھی حصہ رہ چکی ہیں۔ اپنی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے آمنہ شگری نے کہا کہ:"یہ اعزاز میں پاکستان کے نام کرتی ہوں۔ میرا خواب ہے کہ دنیا کی دوسری سب سے بلند چوٹی، کے ٹو، پر بھی سبز ہلالی پرچم لہرا سکوں۔"ماہرین کے مطابق آمنہ شگری کی یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہے بلکہ خواتین کوہ پیماؤں کے لیے بھی ایک روشن مثال ہے۔