کنگنا رناوت کا طلبہ احتجاج پر سخت ردعمل، وائرل ویڈیوز کو 'بدصورتی' قرار دے دیا

کنگنا رناوت کا طلبہ احتجاج پر سخت ردعمل، وائرل ویڈیوز کو 'بدصورتی' قرار دے دیا

نئی دہلی: بھارتی اداکارہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے دہلی کے جنتر منتر پر ہونے والے طلبہ احتجاج کی وائرل ویڈیوز پر سخت ردعمل دیتے ہوئے مظاہرین کے رویے اور زبان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کنگنا رناوت نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے احتجاج سے متعلق ویڈیوز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک جگہ پر اتنی "بدصورتی" کبھی نہیں دیکھی۔ ان کے مطابق احتجاج میں شریک بعض افراد کی گفتگو کا انداز اور استعمال کی جانے والی زبان انتہائی نامناسب تھی۔اداکارہ نے لکھا، "جین زی (Gen Z) احتجاج کی ویڈیوز دیکھ کر مجھے شدید ناگواری محسوس ہوئی، کیونکہ مظاہرین کا گفتگو کرنے کا انداز اور زبان بہت نامناسب تھی۔"کنگنا رناوت نے احتجاج میں شریک نوجوانوں کی تربیت اور پرورش پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا، "مجھے حیرت ہے کہ ایسے نوجوانوں کو کون پیدا اور پرورش کر رہا ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اپنی ثقافتی خوبصورتی، شائستگی اور روایات کے لیے جانا جاتا ہے، تاہم احتجاج کی بعض ویڈیوز میں مظاہرین کا انداز اس تاثر کے برعکس دکھائی دیتا ہے۔

اداکارہ نے "کاکروچ" کے نام سے احتجاج کرنے والے ایک گروپ کا حوالہ دیتے ہوئے بھی سخت تنقید کی اور احتجاج کے بعض مناظر کو "گندگی، کچرا اور بدصورتی" سے تعبیر کیا۔کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ ان ویڈیوز نے انہیں ذہنی طور پر متاثر کیا، جس کے باعث وہ کچھ وقت کے لیے "ڈیجیٹل ڈیٹاکس" کرنے کی ضرورت محسوس کر رہی ہیں۔کنگنا رناوت کے ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جہاں بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی، جبکہ دیگر نے ان کے تبصروں پر تنقید بھی کی۔