کنگنا رناوت کو امریکی صدر ٹرمپ سے متعلق پوسٹ پر معذرت کرنا پڑ گئی

کنگنا رناوت کو امریکی صدر ٹرمپ سے متعلق پوسٹ پر معذرت کرنا پڑ گئی

ویب ڈیسک: بھارتی بالی ووڈ اداکارہ اور بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق ایک متنازعہ سوشل میڈیا پوسٹ کرنا مہنگا پڑ گیا۔

 انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا امریکی صدر ٹرمپ سے موازنہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ مودی کی عالمی مقبولیت سے حسد کرتے ہیں اور مودی کو تمام "الفا میلز کا باپ" قرار دیا تھا۔اس پوسٹ پر بی جے پی کی قیادت نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور پارٹی صدر جے پی نڈا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کنگنا کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پوسٹ فوری طور پر حذف کریں۔ کنگنا نے پارٹی صدر کی ہدایت پر اپنی پوسٹ ہٹا دی اور معذرت بھی کر لی۔کنگنا رناوت نے وضاحت دی کہ جے پی نڈا نے انہیں کال کر کے کہا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک بیان پر کی گئی پوسٹ ہٹا دیں، جس میں ٹرمپ نے ایپل کے سی ای او ٹم کک سے بھارت میں مینوفیکچرنگ بند کرنے کی بات کی تھی۔ کنگنا نے کہا کہ وہ اپنی ذاتی رائے پر معذرت خواہ ہیں اور ہدایت ملتے ہی پوسٹ حذف کر دی گئی۔

بی جے پی کے اندرونی حلقوں میں کنگنا کے بیان پر تنازعہ بڑھ گیا تھا اور کئی رہنماؤں نے پارٹی صدر سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا کہ کنگنا کو پوسٹ حذف کرنے اور معذرت کرنے پر مجبور کیا جائے۔یہ واقعہ بھارتی سیاست میں کنگنا رناوت کی متنازع شخصیت اور پارٹی کے سخت کنٹرول کی ایک اور مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔