سی سی ڈی ٹیم پرفائرنگ جوابی کارروائی میں ملزم احتشام عرف بلا ماراگیا، 66 سے زائد مقدمات درج تھے
پینسرہ (خصوصی رپورٹ)سی سی ڈی اقبال ٹا ئون اور سی سی ڈی لائلپور ٹا ئون کی مشترکہ کارروائی کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں موٹر سائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں مطلوب ایک ملزم ہلاک ہو گیا۔پولیس کے مطابق سی او سی سی ڈی اقبال ٹا ئون علی اکرم اور سی او سی سی ڈی لائلپور ٹا ئون صدیق چیمہ اپنی ٹیموں کے ہمراہ تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے چوہلہ پل کی جانب چھاپہ مار کارروائی کے لیے جا رہے تھے کہ چوہلہ پلی موڑ کے قریب مسلح ملزموں نے مبینہ طور پر ریڈنگ پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے اپنی حفاظت کے پیش نظر جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد ایک ملزم شدید زخمی حالت میں ملا، جس کی شناخت احتشام عرف بلا، سکنہ چک جھمرا کے نام سے ہوئی۔ زخمی ملزم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ملزم موٹر سائیکل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا اور اس کے خلاف 66 سے زائد مقدمات درج تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا اور مختلف تھانوں کو اس کی گرفتاری کی تلاش تھی۔