وزیر آباد،نوشہرہ ورکاں (خصوصی رپورٹ)مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلے ، قتل ، ڈکیتی اور منشیات فروشی سمیت دیگر درجنوں سنگین وارداتوں میں مطلوب 3 ملزم ہلاک ،ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔بتایا گیا ہیکہ وزیرآباد میں پلکھو پل کے قریب موٹرسائیکل سوار 6ملزموں کا پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا اور اس دوران 2 ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزموں کی شناخت عاطف اور کامران کے نام سے ہوئی ہے اوردونوں لاہور کے رہائشی اور قتل ، ڈکیتی سمیت دیگر درجنوں سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے،ان کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے،گولی لگنے سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ادھر نوشہرہ ورکاں کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران 30 سے زائد سنگین وارداتوں میں مطلوب خطرناک ملزم عامر بشیر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہوگئے ،دونوں واقعات میں ہلاک ملزموں کی لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے متعلقہ ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جبکہ فرار ملزموں کی تلاش کیلئے کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔