لاہور: وحدت کالونی کے علاقے میں شاہ کمال دربار کے قریب ایک خاتون کو مبینہ طور پر تیز دھار آلے کے وار سے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون کو گلے پر تیز دھار آلے سے وار کر کے قتل کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں ضروری شواہد اکٹھے کیے گئے اور ابتدائی کارروائی مکمل کی گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق مقتولہ کی شناخت ثناء کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمر تقریباً 40 سال بتائی گئی ہے۔پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور ملزمان کی شناخت و گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔