پاکپتن: ساڑھے چار سالہ بچہ تیز دھار آلے سے قتل، ملزمان فرار

پاکپتن: ساڑھے چار سالہ بچہ تیز دھار آلے سے قتل، ملزمان فرار

پاکپتن کے علاقے کرمانوالہ چوک میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ساڑھے چار سالہ محمد احمد کو بے دردی سے قتل کردیا۔

 پولیس کے مطابق بچے کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر زخمی کیا گیا، جس کے بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔واقعے کی ایف آئی آر بچے کی والدہ کی مدعیت میں درج کرلی گئی ہے۔ خاتون کے مطابق وہ اپنے بیٹے کو بچوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے چھوڑ کر قریبی دکان سے سودا سلف لینے گئی تھیں، اور واپسی پر دیکھا کہ ان کا بیٹا شدید زخمی حالت میں زمین پر پڑا تھا۔زخمی بچے کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور نامعلوم ملزمان کی تلاش جاری ہے۔واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ عوام نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔