پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دو سالہ معصوم بچے کی بوری بند لاش ملنے کے افسوسناک واقعے نے علاقے میں تشویش پیدا کر دی۔
پولیس کے مطابق بچے کو مبینہ طور پر تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ لکی مروت کے علاقے وانڈہ شہاب خیل میں پیش آیا، جہاں دو سالہ سہیل کی لاش ایک بوری سے برآمد ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ بچہ گزشتہ روز اپنے گھر سے لاپتا ہوگیا تھا، جس کے بعد اہل خانہ اس کی تلاش میں تھے۔پولیس حکام کے مطابق بچے کی لاش ملنے کے بعد واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ابتدائی معلومات میں انکشاف ہوا ہے کہ بچے کو تیز دھار آلے سے ذبح کرکے قتل کیا گیا، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال واقعے میں ملوث افراد اور قتل کے محرکات کے حوالے سے کوئی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔