راولپنڈی: گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

راولپنڈی: گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

راولپنڈی کے علاقے تھانہ روات کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی کے باعث اپنی بیوی کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کچھ عرصے سے اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی، تاہم حالیہ دنوں میں اس کا شوہر بھی وہیں مقیم تھا۔ گزشتہ شب دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس پر شوہر نے طیش میں آ کر بیوی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔واقعے کی اطلاع ملنے پر روات پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔ مقتولہ کے والد نے پولیس کو بتایا کہ دونوں میاں بیوی کے درمیان شدید ناچاقی چل رہی تھی، جس کے باعث ان کی بیٹی والدین کے گھر شفٹ ہو گئی تھی۔

سٹی پولیس آفیسر (CPO) سید خالد ہمدانی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد ہی ملزم کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔علاقے میں اس دل دہلا دینے والے واقعے پر افسوس اور غم کی فضا چھائی ہوئی ہے، جبکہ شہری حلقے خواتین کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔