پٹرول ایک روپے سستا، شہریوں نے ریلیف ناکافی قرار دے دیا، مزید کمی کا مطالبہ

پٹرول ایک روپے سستا، شہریوں نے ریلیف ناکافی قرار دے دیا، مزید کمی کا مطالبہ

لاہور: پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے کمی کے باوجود شہریوں نے اس ریلیف کو ناکافی قرار دیتے ہوئے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید نمایاں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

حالیہ قیمتوں کے مطابق پٹرول ایک روپے فی لیٹر سستا ہونے کے بعد 336 روپے 62 پیسے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد اس کی نئی قیمت 389 روپے 16 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ جب بھی عالمی منڈی یا دیگر عوامل کے باعث پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوتی ہیں تو قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا جاتا ہے، لیکن کمی کے موقع پر عوام کو معمولی ریلیف دیا جاتا ہے، جو مہنگائی کے بوجھ کے مقابلے میں ناکافی ہے۔شہریوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ ڈیزل کی قیمت میں مسلسل اضافے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھ رہے ہیں، جس کے اثرات اشیائے خورونوش، سبزیوں، پھلوں اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں پر بھی پڑ رہے ہیں، جس سے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے اور روزمرہ زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات میں کچھ کمی آئے۔