پٹرول اور ڈیزل سستا، مگر مہنگائی برقرار، عوام نے کمی کو ناکافی قرار دے دیا

پٹرول اور ڈیزل سستا، مگر مہنگائی برقرار، عوام نے کمی کو ناکافی قرار دے دیا

حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر کمی کے اعلان کے بعد شہریوں نے اس ریلیف کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مزید کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حالیہ کمی سے عام آدمی کو خاطر خواہ فائدہ نہیں پہنچے گا، کیونکہ گزشتہ مہینوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافوں کے اثرات اب بھی ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر برقرار ہیں۔عوام کا مؤقف ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں معمولی کمی سے مہنگائی میں کوئی نمایاں فرق نہیں پڑے گا۔ ان کے مطابق حکومت کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید نمایاں کمی کرنی چاہیے تاکہ عوام کو روزمرہ اخراجات میں حقیقی ریلیف مل سکے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کرایوں اور بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی کمی یقینی بنائی جائے، تاکہ حکومتی ریلیف کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایندھن کی قیمتوں میں مؤثر کمی نہیں ہوگی اور اس کے اثرات مارکیٹ میں نظر نہیں آئیں گے، اس وقت تک مہنگائی پر قابو پانا اور عام شہری کو ریلیف فراہم کرنا ممکن نہیں ہوگا۔