پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی، شہریوں نے حکومتی فیصلے کو ناکافی قرار دے دیا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی، شہریوں نے حکومتی فیصلے کو ناکافی قرار دے دیا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کے حکومتی فیصلے پر شہریوں نے شدید ردِعمل دیتے ہوئے اسے ناکافی قرار دیا ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ چند پیسوں کی کمی سے عوام کو کسی قسم کا حقیقی ریلیف نہیں ملے گا۔حالیہ نظرثانی کے بعد حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 12 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق پٹرول 338 روپے 47 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 394 روپے 82 پیسے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ جب قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا ہے تو کئی کئی روپے فی لیٹر بڑھا دیے جاتے ہیں، لیکن کمی کے وقت صرف چند پیسے کم کر دیے جاتے ہیں، جس سے عام آدمی کو کوئی عملی فائدہ نہیں پہنچتا۔شہریوں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کرایوں، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں میں پہلے ہی نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ معمولی کمی کے باوجود ان اشیا کی قیمتوں میں کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آتی۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے بوجھ کو کم کرنے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ اس کے اثرات روزمرہ زندگی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی مرتب ہوں۔