پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی، شہریوں نے مزید ریلیف کا مطالبہ کردیا

پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی، شہریوں نے مزید ریلیف کا مطالبہ کردیا

حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں کمی کے اعلان کے باوجود شہریوں نے اسے ناکافی قرار دیتے ہوئے مزید ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں صرف 3 روپے فی لیٹر کمی عوام کے لیے خاطر خواہ ریلیف نہیں، بلکہ موجودہ مہنگائی کے تناظر میں یہ کمی اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے۔عوام کے مطابق پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی سے روزمرہ اخراجات میں کوئی نمایاں فرق نہیں پڑے گا، جبکہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی گھریلو بجٹ شدید متاثر ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول مہنگا ہونے سے نہ صرف آمدورفت کے اخراجات بڑھتے ہیں بلکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے، جس سے عام آدمی کے لیے گھر کا بجٹ چلانا مشکل ہو جاتا ہے۔ دیہاڑی دار اور کم آمدنی والے طبقے کو اس صورتحال میں سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ مہنگائی اور معاشی دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں مزید کمی کی جائے تاکہ عام آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔