پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ناکافی قرار، شہریوں کا حکومت سے مزید ریلیف دینے کا مطالبہ

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ناکافی قرار، شہریوں کا حکومت سے مزید ریلیف دینے کا مطالبہ

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود عوام نے حکومتی ریلیف کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مزید کمی کا مطالبہ کردیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ حالات میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی سے عوام کو خاطر خواہ ریلیف نہیں مل سکتا۔شہریوں کے مطابق گزشتہ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے پہلے ہی گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے باعث عام آدمی کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہوگیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر ٹرانسپورٹ کے کرایوں، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری سامان کی قیمتوں پر پڑتا ہے۔ جب پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہوتی ہیں تو ٹرانسپورٹ اور اشیاء کی ترسیل کے اخراجات بڑھ جاتے ہیں، جس کا بوجھ بالآخر عام صارفین کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ قیمتوں میں کمی کے باوجود اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہیں ہوئی، جبکہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات بھی عوام کے لیے ایک بڑا مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے تاکہ مہنگائی کے دباؤ میں کمی آئے اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔شہریوں کے مطابق حکومت کو صرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو بھی کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں، تاکہ کم آمدنی والے اور متوسط طبقے کو درپیش مالی مشکلات کم ہوسکیں۔