دوحہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطر کے وزیر داخلہ اور کمانڈر داخلی سلامتی فورس (لخویا)، شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی، داخلی سلامتی اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور قطر کے درمیان سکیورٹی پارٹنرشپ کو مزید وسعت دینے اور وزارتِ داخلہ کی سطح پر دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر خطے کی موجودہ صورتحال، امن و استحکام اور داخلی سلامتی کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان، قطر کے ساتھ سکیورٹی، انسدادِ جرائم، داخلی سلامتی اور دیگر باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو خطے کے امن اور ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔ملاقات کے دوران محسن نقوی نے قطری وزیر داخلہ سے ان کے والد اور قطر کے سابق امیر، شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور قطر کی ترقی و خوشحالی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر قطری وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی، داخلی سلامتی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ملاقات کو پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔