وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران ایران، امریکا تنازع اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔دونوں وزرائے داخلہ نے پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت، ایکسچینج پروگرامز، سائبر کرائمز کے انسداد اور آن لائن فراڈ کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔بنگلہ دیشی وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے قیام کے لیے ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی روابط کے نئے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔