محسن نقوی کی قطر کے وزیر داخلہ سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

محسن نقوی کی قطر کے وزیر داخلہ سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

دوحہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قطر کی وزارت داخلہ کا دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات قطری وزیر داخلہ خلفیہ بن حماد بن خلفیہ الثانی سے ہوئی۔

 ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔محسن نقوی نے قطر کے وزیر داخلہ کو علاقائی صورتحال سے آگاہ کیا اور پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے اصولی موقف سے بریفنگ دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ جارحیت کی پالیسی کو مسترد کیا ہے۔ بھارت کو پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی گئی ہے تاکہ اصل حقائق دنیا کے سامنے آ سکیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان پر بے بنیاد اور غیر منطقی الزامات لگانا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔دونوں وزرائے داخلہ نے جرائم پیشہ عناصر اور سائبر کرائمز کے خلاف مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ منشیات کی روک تھام کے حوالے سے تعاون بڑھانے، اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے مابین ٹریننگ ایکسچینج پروگرام پر بھی اتفاق کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ ہر سطح پر مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے۔ قطری وزیر داخلہ نے بھی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو خصوصی اہمیت دینے اور تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کروائی۔ملاقات میں مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے لیے فوکل پرسن مقرر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر قطر کے وزیر مملکت داخلہ شیخ عبدالعزیز بن فیصل بن محمد الثانی، پاکستان کے سفیر محمد عامر، اور قطری وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔