محسن نقوی کی امریکی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

محسن نقوی کی امریکی نائب وزیر خارجہ سے ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

محسن نقوی سے پال کپور نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ بھی شریک تھے۔ بات چیت کے دوران پاک–امریکا تعلقات، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور سکیورٹی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔فریقین نے انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور عملی اشتراک کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاک–امریکا تعلقات میں بہتری دیکھی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون اعتماد کی بنیاد پر آگے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز کی خواہش بھی موجود ہے۔امریکی نائب وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔