اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشتگردی گریگوری لوگرفو نے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشتگردی، بارڈر سکیورٹی، انسداد منشیات اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی موجود تھے۔ امریکی کوآرڈینیٹر نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر وزیر داخلہ اور پاکستانی قوم کو مبارکباد بھی دی۔ملاقات کے دوران انسداد دہشتگردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں معلومات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کے آغاز کے بعد پاک امریکا تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور امریکی صدر کی عالمی امن کے لیے کوششیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعلقات میں شفافیت، اعتماد اور تعاون کو فروغ دینا ہر شعبے کے لیے بہترین موقع ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ سے مشترکہ لائحہ عمل بنانے میں مدد ملے گی اور امریکا کی جانب سے کالعدم بی ایل اے اور کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیمیں قرار دینا مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پاک امریکا تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔امریکی کوآرڈینیٹر گریگوری لوگرفو نے کہا کہ پاکستان جیو اسٹریٹجک نقطہ نظر سے انتہائی اہم ملک ہے اور دہشت گرد حملوں میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔