وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، جس میں پاک چین اسٹریٹجک پارٹنرشپ، سکیورٹی تعاون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مابین باہمی رابطہ کاری کو مزید فعال اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر پاک چین تعلقات کے تناظر میں چینی شہریوں اور منصوبوں کی سکیورٹی کے امور بھی زیر بحث آئے۔ملاقات میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے اہلکاروں کو چینی زبان سکھانے کے لیے جلد چینی انسٹرکٹرز پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد سکیورٹی اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافہ اور چینی شہریوں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کو فروغ دینا ہے۔چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ چین کی طرز پر اسلام آباد میں قائم کیے جانے والے لا انفورسمنٹ سنٹر کے قیام میں چین کی جانب سے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے سکیورٹی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔چینی سفیر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون اور تمام مسائل کے بروقت حل کے لیے ان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) بھی موجود تھے۔