آزاد کشمیر میں انتخابات کے کامیاب انعقاد کے بعد سکیورٹی کی صورتحال کشیدہ ہو گئی، جہاں حکام کے مطابق کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے منسلک افراد نے راولاکوٹ کی جانب لانگ مارچ کی کوشش کے دوران سکیورٹی پوسٹ پر حملہ کر دیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ رات تقریباً 10 بجے پیش آیا، جب مظاہرین نے راولاکوٹ کی طرف پیش قدمی کی کوشش کی۔ راولاکوٹ کے نواحی علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کے نتیجے میں رینجرز کے سپاہی علی رضا شہید ہو گئے، جبکہ پولیس کے تین اہلکار زخمی ہوئے۔حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے پرتشدد کارروائی کے دوران رینجرز اور پولیس کی ایک، ایک گاڑی کو بھی نذرِ آتش کر دیا، جس کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔پولیس اور متعلقہ حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔واضح رہے کہ خبر میں مذکور الزامات اور واقعے کی تفصیلات حکام کے بیان پر مبنی ہیں، جبکہ متعلقہ فریق کا مؤقف سامنے آنے پر اسے بھی شامل کیا جائے گا۔