بلوچستان: خضدار کی لیویز چیک پوسٹ پر حملہ، 4 اہلکار شہید

بلوچستان: خضدار کی لیویز چیک پوسٹ پر حملہ، 4 اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل نال میں نامعلوم مسلح افراد نے لیویز فورس کی صمند چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 4 لیویز اہلکار شہید ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی نے افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح افراد نے پہاڑی علاقے سے اچانک فائرنگ شروع کی، جس کا لیویز اہلکاروں نے فوری جواب دیا، اور فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ تاہم دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔حکام کے مطابق واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ شہید اہلکاروں کی میتیں ٹیچنگ اسپتال خضدار منتقل کر دی گئی ہیں۔

لیویز ذرائع کے مطابق حملے کے پیچھے دہشت گرد عناصر کا ہاتھ ہو سکتا ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال مزید غیر یقینی کا شکار ہو گئی ہے۔