اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے مقدمے میں ثاقب چدھڑ کی عبوری ضمانت میں توسیع

اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے مقدمے میں ثاقب چدھڑ کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور کی سیشن کورٹ نے اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔

ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے عدنان احسان ایڈووکیٹ جبکہ ثاقب چدھڑ کی جانب سے رانا معروف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ثاقب چدھڑ سے متعلق تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور انہیں تفتیش میں قصوروار قرار دیا گیا ہے، جبکہ ان کی اہلیہ سمیرا نے دو روز قبل اپنا موبائل فون این سی سی آئی اے میں جمع کرا دیا ہے، جسے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔مومنہ اقبال کے وکیل عدنان احسان نے عدالت سے ملزمان کی عبوری ضمانت خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کی آزادی ان کی مؤکلہ کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔

عدالت نے فریقین کے وکلاء کو آئندہ سماعت پر حتمی دلائل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی۔واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔