اداکارہ مومنہ اقبال سے متعلق مقدمے میں عدالت نے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی عبوری ضمانت میں 13 جولائی تک توسیع کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج نصرت صدیقی نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران عدالت نے ثاقب چدھڑ کو تفتیش میں شامل ہونے کا بھی حکم دیا۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا موبائل فون تفتیش کے لیے درکار تھا، جو گزشتہ روز موصول ہوا ہے، تاہم تفتیش ابھی مکمل نہیں ہو سکی۔اس پر عدالت نے تفتیش جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 13 جولائی تک ملتوی کر دی۔عدالت میں اداکارہ مومنہ اقبال کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ثاقب چدھڑ اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں اور جان بوجھ کر تفتیش میں تاخیر کروا رہے ہیں تاکہ تحقیقات آگے نہ بڑھ سکیں۔عدالت نے آئندہ سماعت تک تفتیش مکمل کرکے رپورٹ اور متعلقہ ریکارڈ پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اداکارہ مومنہ اقبال کی درخواست پر ایم پی اے ثاقب چدھڑ کے خلاف مبینہ ہراسانی کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔