مومنہ اقبال کو دھمکیوں کا مقدمہ، ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

مومنہ اقبال کو دھمکیوں کا مقدمہ، ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور کی سیشن کورٹ میں اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

 عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رکنِ پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 28 جولائی تک توسیع کر دی۔ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نصرت علی صدیقی نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران مومنہ اقبال کے وکیل عدنان احسان عدالت میں پیش نہ ہو سکے، جبکہ ثاقب چدھڑ اپنی اہلیہ سمیرا کے ہمراہ عدالت میں حاضر ہوئے۔دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمہ سمیرا شاملِ تفتیش ہو چکی ہیں اور ان کا موبائل فون بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے، تاہم تحقیقات مکمل کرنے کے لیے سم والا فون بھی درکار ہے۔

تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ مقدمے کی تفتیش ابھی جاری ہے اور اسے مکمل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہوگا، جس پر عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 28 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک متعلقہ کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔واضح رہے کہ یہ مقدمہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے اداکارہ مومنہ اقبال کی مدعیت میں درج کیا تھا، جس میں ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات شامل ہیں۔