لاہور: صوبائی دارالحکومت میں آج بھی موسم گرم اور شدید حبس زدہ ہے، جس کے باعث شہریوں کو گرمی کی شدت کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات نے دن کے دوران مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت اور حبس میں نمایاں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون سسٹم کے اثرات کے باعث آج لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔