لاہور میں گرمی برقرار، محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کر دی

لاہور میں گرمی برقرار، محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کر دی

لاہور میں سورج کی تپش برقرار رہنے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے موسم میں بہتری کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں آج بارش کے امکانات موجود ہیں۔ شہر میں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 63 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری جانب فضائی آلودگی میں بھی کمی نہ آ سکی۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 151 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بارش کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔ملک کے دیگر شہروں میں بھی موسم نے کروٹ لینا شروع کر دی ہے۔

 کراچی میں آج جزوی ابر آلود موسم رہنے کا امکان ہے، جبکہ شام کے وقت چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آئندہ ایک ہفتے تک باقاعدہ بارش کی پیشگوئی نہیں کی گئی، جبکہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد اور مغربی سمت سے ہواؤں کی رفتار تقریباً 19 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔اسلام آباد میں آج بھی بارش کا امکان برقرار ہے، اگرچہ دن کے اوقات میں موسم نسبتاً گرم رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح اور رات کے وقت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے، جبکہ آئندہ دو سے تین روز تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے ان علاقوں میں موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔وفاقی دارالحکومت میں صبح کے وقت درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ حالیہ بارشوں کے باعث شہر کے درجہ حرارت میں 7 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی بھی نوٹ کی گئی ہے۔اسلام آباد میں آج تقریباً 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔