محکمہ موسمیات: ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دو روز شدید گرمی اور حبس برقرار، بالائی علاقوں میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات: ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دو روز شدید گرمی اور حبس برقرار، بالائی علاقوں میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران شدید گرمی اور مرطوب موسم برقرار رہے گا، تاہم بالائی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں پر مغربی ہوا کا کمزور سلسلہ اثر انداز ہے، جبکہ بلوچستان کے مغربی حصے پر موسمی کم دباؤ موجود ہے۔ جمعرات کے روز کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں شام یا رات کے وقت چند مقامات پر آندھی، گرج چمک اور بارش متوقع ہے۔جمعہ کو بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے، تاہم کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان میں شام یا رات کے وقت کہیں کہیں آندھی اور بارش ہو سکتی ہے۔اسلام آباد اور گردونواح میں جمعرات کو گرم اور مرطوب موسم رہے گا، جبکہ جمعہ کی شام یا رات گرج چمک کے ساتھ بارش کا 35 فیصد امکان ظاہر کیا گیا ہے۔پنجاب میں دونوں روز شدید گرمی اور حبس برقرار رہے گا، تاہم جمعرات کو خوشاب، لاہور، سیالکوٹ اور نارووال جبکہ جمعہ کو مری، گلیات، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، خوشاب، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور قصور میں چند مقامات پر بارش اور آندھی چلنے کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالم جبہ میں 29 ملی میٹر، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں 23 ملی میٹر جبکہ مظفرآباد شہر میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت اور دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سبی، بھکر اور خانیوال میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔