محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی، گرمی اور حبس برقرار رہے گا

محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی، گرمی اور حبس برقرار رہے گا

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس والا رہے گا، تاہم شام اور رات کے اوقات میں مختلف علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔جمعرات کے روز بھی ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی اور شدید حبس برقرار رہے گا، تاہم شام اور رات کے وقت کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، شمالی و مشرقی بلوچستان، جنوب مشرقی سندھ اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔اسلام آباد اور گردونواح میں دن بھر موسم گرم اور شدید حبس والا رہنے کی توقع ہے، جبکہ شام اور رات کے اوقات میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان تقریباً 30 فیصد ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، پشاور، کرم، کوہاٹ اور وزیرستان میں شام اور رات کے دوران چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی شدید گرمی اور حبس کا سلسلہ برقرار رہے گا، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ وسطی اور بالائی سندھ میں دن کے وقت شدید حبس کی توقع ہے۔

 شام اور رات میں تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹہ، سانگھڑ، دادو، کراچی اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔بلوچستان میں بھی بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم آواران، خضدار، قلات، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو اور ملحقہ علاقوں میں شام اور رات کے دوران بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور بعد از دوپہر مختلف مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔سب سے زیادہ بارش پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 63 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ آزاد کشمیر کے گڑھی دوپٹہ میں 46 ملی میٹر بارش ہوئی۔ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر 16، اسلام آباد کے سیدپور میں 8، مری اور اوکاڑہ میں 4، کاکول میں 8، مالم جبہ میں 3، دیر اور پاراچنار میں 2 جبکہ بلوچستان کے ژوب اور خضدار میں 5 اور بارکھان میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ادھر ملک میں گرمی کی شدت بھی برقرار رہی، جہاں نوکنڈی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سبی اور دالبندین میں 45، دادو میں 43 اور بھکر میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔