تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کا غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق، سرحدی تنازع ختم کرنے کا اعلان

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کا غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق، سرحدی تنازع ختم کرنے کا اعلان

کوالالمپور: تھائی لینڈ اور کمبوڈیا نے جاری سرحدی تنازع کو ختم کرنے کے لیے غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔

یہ پیش رفت ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے دوران سامنے آئی۔

اعلیٰ سطحی مذاکرات میں اہم شخصیات کی شرکت
مذاکرات میں تھائی لینڈ کے قائم مقام وزیراعظم، کمبوڈیا کے وزیراعظم اور ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے شرکت کی، جب کہ امریکا اور چین کے سفیر بھی موجود تھے۔ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دونوں ممالک نہ صرف جنگ بندی پر متفق ہوئے ہیں بلکہ براہ راست رابطے بحال کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے تنازعات سے بچا جا سکے۔

امریکی صدر کی اپیل
انہوں نے مزید بتایا کہ امریکی صدر نے بھی دونوں ممالک کے سربراہان سے پرامن حل تلاش کرنے کی اپیل کی تھی، جس کا مثبت نتیجہ نکلا ہے۔

کمبوڈین وزیراعظم کا ردعمل
کمبوڈین وزیراعظم نے مذاکرات کو "حوصلہ افزا" قرار دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ لڑائی فوری طور پر ختم ہو جائے گی اور امن قائم ہوگا۔

تنازع کا پس منظر
یاد رہے کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان حالیہ سرحدی جھڑپوں میں اب تک 35 افراد ہلاک اور 3 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔