موٹر سائیکل چور گینگ کا سرغنہ اور ساتھی گرفتار

بصیرپور (خصوصی رپورٹ) سی سی ڈی اوکاڑہ کے سب انسپکٹر محمد اشرف اور ان کی ٹیم نے بائیک لفٹر گینگ کے سرغنہ بابر عرف بابری اور اس کے ساتھی نصیر کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے پانچ لاکھ روپے سے زائد قیمت کی پانچ مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے متعدد موٹر سائیکل چوریوں کا اعتراف کیا۔ جدید ٹیکنالوجی، ہیومن انٹیلی جنس اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے یہ کارروائی عمل میں آئی۔ ڈی او سی سی ڈی اوکاڑہ مہر محمد یوسف نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور بتایا کہ سی سی ڈی کے قیام کے بعد اوکاڑہ میں ڈکیتی، رابری اور موٹر وہیکل چوری میں تقریباً ساٹھ فیصد کمی ہوئی ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ سی سی ڈی کی اولین ترجیح ہے، اور کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔