رواں سال 9530 بجلی چور گرفتار،7770سے زائد مقدمات

 عدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔سی سی پی او 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے رواں سال بجلی چوری کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 9530سے زائد ملزمان کو  گرفتارکر کے7770سے زائد مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز  یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ اقبال ٹاؤن ڈویڑن میں بجلی چوری کے1207،صدر میں 1879، کینٹ میں 3040، ماڈل ٹاؤن میں 1874، سٹی میں 1095اور سول لائنز میں 438 ملزمان کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں ان کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ملکی وسائل کو نقصان پہنچانے والے قانون شکن عناصرکے خلاف زیرو ٹالرنس کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے تدارک کے لیے فیلڈ افسران متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ استوار رکھیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ بجلی چوری کی شکایات پر بلا تاخیر کارروائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے درج مقدمات میں ملزمان کی گرفتاریوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔سی سی پی او لاہورنے بجلی چوری کے مقدمات کو یکسو کر کے چالان بروقت عدالتوں میں جمع کروانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث عدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ سپروائزری افسران بجلی چوری کے مقدمات کی تفتیش پر خصوصی توجہ دیں۔